ایشیا کپ ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ کل سنایا جائے گا

Published On 14 May,2023 02:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کل سنایا جائےگا۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویوز میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے امید کا دامن نہیں چھوڑا مگر ایسا ممکن نہیں ہوتا تو اس کیلئے بھی تیار رہنا ہوگا، اے سی سی نے پیر تک حتمی جواب دینے کا کہا ہے، میں نے بورڈ میں اپنی ٹیم سے کہہ دیا کہ اگر ایونٹ پاکستان کے بغیر ہو تو اس دوران متبادل مصروفیت کے طور پر 3 ملکی سیریز کا اہتمام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی انگلش بورڈ سے بات نہیں ہوئی مگر 2 مہمان ٹیمیں کون سی ہوں گی ابھی پتے شو نہیں کروں گا، امید کرتا ہوں کہ ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں شریک ہوں گی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی احتجاجی تحریک 6 ماہ سے چل رہی ہے، اس دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آ کر کھیل چکی ہیں، موجودہ صورتحال عارضی اور ایشیا کپ ستمبر میں ہونا ہے، یو اے ای ماضی کی طرح اس ایونٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے زور لگا رہا ہے مگر ارکان وہاں سخت گرم موسم پر تحفظات رکھتے ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ احمد آباد میں کھیلنے کا سوال تو بعد میں آتا ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت جائیں، اگر مسئلہ حل ہوجائے اور بھارتی بورڈ کہے کہ ہم پاکستان میں کسی بھی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں تو ہم بھی ایسا ہی اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہا ہم بھارتی ٹیم کو سکیورٹی فراہم کریں گے، اسی طرح ورلڈکپ میں ان کو یہ ذمہ داری اٹھانا ہو گی، اگر آپ کو پاکستان آنے لاہور، کراچی یا راولپنڈی میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں تو ہمیں بھی احمد آباد، کولکتہ دھرم شالہ یا چنئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔