لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم نے امریکا کی میجر کرکٹ لیگ کے افتتاحی سیزن میں سیٹل اورکاس سے معاہدہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی لیگ میں شامل سیٹل اورکاس کی ٹیم انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز دہلی کیپٹلز کے شریک مالک کی ٹیم ہے، دونوں کرکٹرز نے لیگ میں شرکت کیلئے رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
اعظم خان اور عماد وسیم دونوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز نہیں ہیں تاہم قومی ٹیم کے جو کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ ہیں انہیں بورڈ سے این او سی لینا ہوگا، پی سی بی کی جانب سے امریکی لیگ میں کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم ایل سی کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی درخواست کا مثبت جواب دیا ہے، لیگ انتظامیہ کم از کم ہر قومی کرکٹر کو 25 ہزار ڈالر ادا کرے گی۔