لاہور: (ویب ڈیسک) نگراں پنجاب حکومت کے مشیر کھیل فاسٹ بولر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کیمپ میں بلانے کی درخواست کردی۔
نجی کالج میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پی سی بی سے درخواست ہے کہ کیمپ میں بلایا جائے، کیمپ میں اچھے انداز میں بولنگ پریکٹس کر سکوں گا۔ کیمپ میں بولنگ کرنے سے ردھم اور فارم حاصل کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ کیمپ میں مدعو نہیں کیا گیا تو بولنگ چھوڑ نہیں دوں گا، پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے ابھی سے فوکس کرنا ہوگا۔ یہ ٹی 20 کرکٹ نہیں کہ 4 اورز سے کام چل جائے گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ پاکستان نے پہلے ہی بہت کھیلی ہے سلیکٹرز کو ابھی سے ممکنہ کمبی نیشن تیار کرکے زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچز کھلانا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی کنڈیشنز میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت پڑے گی ،اس میگا ایونٹ کے لیے میری خدمات بھی حاضر ہیں۔