پاکستان ویمنز ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز آج سے کرے گی

Published On 13 June,2023 03:45 am

ہانگ کانگ : ( ویب ڈیسک ) پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز آج سے کرے گی۔

ایونٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ آج بروز منگل نیپال کے خلاف تن کے وونگ روڈ ریکری ایشن گراؤنڈ ہانگ کانگ میں کھیلے گی۔

ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپوں سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ ایونٹ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کررہی ہیں جبکہ قومی ٹیم گروپ اے میں ہانگ کانگ، نیپال اور بھارت کے ساتھ ہے۔

پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 جون کو میزبان ٹیم ہانگ کانگ اور تیسرا میچ 17 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

کپتان قومی ٹیم فاطمہ ثنا ء کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہر کھلاڑی کو پتہ ہے کہ اس کا کیا رول ہے اب یہ ان کا کام ہے کہ وہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں، اگرچہ انفرادی کارکردگی اور مہارت کا اہم رول ہوتا ہے تاہم مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین ہے اور یہ تمام کھلاڑی بڑی باصلاحیت ہیں۔