برمنگھم : ( ویب ڈیسک ) ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگ میں 386 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، بارش کے باعث تیسرے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔
آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز کے ساتھ تیسرے دن کھیل کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 386 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ نے 141 رنز کی شاندار اننگ کھیلی ، ایلکس کیری 66 اور ٹریوس ہیڈ 50 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ انگلش ٹیم کی جانب سے براڈ اور اولی روبنسن نے تین ، تین شکار کیے ۔
انگلینڈ نے 7 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگ شروع کی اور دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز بنا کر 35 رنز کی برتری حاصل کی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے زیک کرولی 7 اور بین ڈکٹ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اولی پوپ اور جوئے روٹ بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود ہیں ۔