جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز چیلنج، تیاریاں شروع کر دی ہیں: ڈیانا بیگ

Published On 10 July,2023 11:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

ڈیانا بیگ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہماری ہوم سیریز ایک چیلنج ہے، ہم ان کے خلاف کھیل چکے ہیں لیکن جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آ رہی ہے، اس کے لیے ہم بہت پرجوش اور سیریز کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں، ہوم سیریز کی تیاری کے لیے ابھی سے کام کا آغاز کر دیا ہے، ان کے خلاف اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گی۔

ڈیانا بیگ نے بتایا کہ سکلز کیمپ میں اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے کام کیا ہے، موسم کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، زیادہ تر بارشیں ہوتی رہی ہیں لیکن جم میں فٹنس اور انڈور سکول میں سکلز پر کام کیا، آف سیزن میں ایسے کیمپ بہت ضروری ہوتے ہیں، سیزن جب شروع ہوتا ہے تو پھر کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

ان کا کہنا ہے کہ انفرادی طور پر میں نے کوشش کی ہے کہ اسی طرح باؤلنگ کروں جیسے میں میچز میں کرتی ہوں، میں نے سخت ٹریننگ کی ہے اور خود پر زیادہ بوجھ ڈالا تاکہ مجھے میچز میں فائدہ ہو۔