لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کر دیا۔
پی سی بی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا ہے کہ ذکا اشرف کے نام سے ٹوئٹر پر بنا ہوا تصدیق شدہ اکاؤنٹ جعلی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے پی سی بی نے ٹوئٹر کو شکایت کی ہے۔
Mr Zaka Ashraf does not have an account on @Twitter. This is a fake account and has been reported to @verified by the PCB. pic.twitter.com/PbMYm2Chat
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 7, 2023
ذکاء اشرف کے نام سے بنایا گیا اکاؤنٹ اس قسم کی ٹوئٹس کرتا ہے جیسے ذکاء اشرف بذات خود پیغامات جاری کررہے ہوں، اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کے 8 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور ان کے اکاؤنٹ کے تعارف میں چیئرمین پی سی بی بھی لکھا ہوا ہے۔
اکاؤنٹ فروری 2021 میں بنایا گیا تھا جو کچھ عرصہ قبل ویریفائیڈ ہوا ہے، اس جعلی اکاؤنٹ سے اب تک مجموعی طور پر 55 ٹوئٹس کی گئی ہیں، کچھ ٹوئٹس میں نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
اب کچھ صارفین کے ذہنوں میں یہ سوال ہوگا کہ ذکا اشرف کا جعلی اکاؤنٹ مصدقہ کیسے ہوا؟ تو یقیناً ان کا اکاؤنٹ بنانے والے شخص نے ٹوئٹر کو رقم ادا کر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کا بلیو ٹک حاصل کیا ہے۔