ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کے شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی خبریں جعلی نکلیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شاہ رخ خان مبینہ طور پر لاس اینجلس میں اپنے ایک پروجیکٹ کے سیٹ پر حادثے کا شکار ہوگئے ہیں اور اس دوران ان کے ناک پر چوٹ آئی اور بعدازاں امریکا کے ایک ہسپتال میں ان کے ناک کی سرجری بھی کی گئی ہے۔
تاہم، بھارتی میڈیا رپورٹس میں شاہ رخ کی طبیعت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کو جھوٹا اور جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز میں شائع ایک رپورٹ میں بالی ووڈ کنگ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ شاہ رخ خان بالکل صحت مند اور ٹھیک ہیں اور وہ کسی حادثے کا شکار نہیں ہوئے نہ ہی امریکا میں ان کی کسی قسم کی کوئی سرجری ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان کو گزشتہ روز ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا جہاں وہ بغیر کسی چوٹ کے ظاہری نشان کے ایئرپورٹ کے دروازے سے باہر آئے۔
انہوں نے نیلی شرٹ، ڈینم پینٹ اور کالی ٹوپی پہن رکھی تھی تاہم، وہ اکیلے نہیں تھے اور انکی اہلیہ گوری خان اور ان کے چھوٹے بیٹے ابرام خان ان کے ساتھ تھے۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان اپنی اگلی فلم ’ جوان ‘ میں نظر آئیں گے جو کہ ممکنہ طور پر رواں برس دسمبر میں ریلیز کی جائے گی۔