لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی ٹک ٹاکر اور گانے 'میرا دل یہ پکارے آجا' پر ڈانس کر کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ سمیٹنے والی عائشہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی اپنی موت کی خبروں کی تردید کردی۔
گزشتہ ہفتے کراچی کے جناح ہسپتال میں کار سوار افراد ایک لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، ہسپتال حکام کے مطابق لڑکی کی شناخت عائشہ کے نام سے ہوئی جو ٹک ٹاکر تھی، اس کی عمر 18 سال ہے اور جب اسے ہسپتال لایا گیا تو وہ دم توڑ چکی تھی۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا کے کچھ پیجز نے دعویٰ کیا کہ یہ وہ لڑکی تھی جس نے میرا دل یہ پکارے آجا پر ڈانس کیا تھا اور وائرل ہوگئی تھی، ان افواہوں کے باعث لوگوں کے ذہنوں میں غلط تاثر پیدا ہوا جس کے بعد اب ٹک ٹاکر نے خود وضاحت دی ہے۔
عائشہ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کی سٹوری پر اپنی موت کی افواہ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ پوسٹ ان کے ایک دوست نے انہیں بھیجی ہے۔
ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنی دوسری انسٹا گرام سٹوری میں لکھا ہے کہ اس خبر میں کہا گیا ہے کہ میری موت واقع ہو گئی ہے، خدارا آپ کو اندازہ نہیں ہے اس خبر سے کسی کی زندگی پر کتنا گہرا اثر ہوسکتا ہے۔
عائشہ نے سٹوری میں لکھا میں کسی قسم کی کوئی سنسنی نہیں پھیلانا چاہتی، آپ سب کیوں میری زندگی مشکل کرنے کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں؟ جھوٹی خبر پھیلانے والے میرا صحیح نام تک نہیں جانتے۔
انہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ایسی خبروں کو بند ہونا چاہیے۔