لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بطور بیٹر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھلانے کی تجویز زیر غور ہے۔
کپتان بابر اعظم کی قیادت میں 16 ارکان پر مشتمل کرکٹ ٹیم سری لنکا میں موجود ہے جہاں اسے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچز کھیلنے ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے گال میں شروع ہوگا۔
سرفراز احمد کی سکواڈ میں شمولیت کے بعد رضوان کا بطور وکٹ کیپر ٹیم میں جگہ حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے اور اطلاعات ہیں کہ نائب کپتان محمد رضوان کو بطور سپیشلسٹ بیٹر گال ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
محمد رضوان نے 27 ٹیسٹ کی 43 اننگز میں 38.13 کی اوسط سے 1373 رنز 2 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کر رکھے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 4 اننگز میں 3 نصف سنچریوں اور ایک سنچری بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس پرفارمنس پر کپتان بابر اعظم سر ی لنکا روانگی سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر ان کی پہلی چوائس ہوں گے تاہم اب اطلاعات ہیں کہ محمد رضوان جنہیں ناقص بیٹنگ پرفارمنس پر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا انہیں گال ٹیسٹ میں بطور سپیشلسٹ بیٹر کھلانے کی تجویز ہے۔