پی سی بی ایشیا کپ کا دوسرا حصہ دبئی منتقل کروانے کا خواہشمند ہے: بھارتی میڈیا

Published On 16 July,2023 12:44 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کپ کا دوسرا حصہ دبئی منتقل ہونے کا امکان ہے۔

انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں مسلسل بارشوں کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیا کپ کا دوسرا حصہ دبئی منتقل کروانے کا خواہشمند ہے، ایشیا کپ کے دوسرے حصے کے دبئی میں انعقاد سے پی سی بی کو بڑا ریونیو شیئر ملے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستان میں چار سے زیادہ میچز کا خواہش مند ہے، چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف، نجم سیٹھی کے دور میں ہونے والے ہائبرڈ ماڈل میں تبدیلی چاہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کروانا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کا 2 روزہ اہم ترین اجلاس آج ہوگا، پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوں گے۔