ایمرجنگ ایشیا کپ : پاکستان شاہینز نے یو اے ای کو 184 رنز سے شکست دیدی

Published On 17 July,2023 11:27 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) پاکستان شاہینز نے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں متحدہ عرب ا مارات اے کو 184 رنز سے شکست دیدی۔

اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں یہ پاکستان شاہینز کی دوسری کامیابی ہے اس سے قبل اس نے نیپال کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی، متحدہ عرب امارات اے اپنا دوسرا میچ ہاری ہے، پہلے میچ میں اسے انڈیا اے نے آٹھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔

کولمبو کے پی سارا اوول میں کھیلے گئے میچ میں متحدہ عرب امارات اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی جو 49اعشاریہ2 اوورز میں309 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو 98 رنز کا سٹارٹ دیا، صاحبزادہ فرحان 55 گیندوں پر63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

صائم ایوب نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56رنز کی اننگز کھیلی، عمیر بن یوسف 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کامران غلام اور کپتان محمد حارث نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں87 رنز کا اضافہ کیا، محمد حارث نے 46گیندوں پر55 رنز اسکور کیے جس میں9 چوکے شامل تھے۔

کامران غلام نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے53 گیندوں پر63 رنز کی اننگز کھیلی، طیب طاہر پانچ اور قاسم اکرم دس رنز بناسکے،پاکستان شاہینز کی آخری چھ وکٹیں اسکور میں صرف25 رنز کا اضافہ کرسکیں۔

جواب میں متحدہ عرب امارات اے 29 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، آریانش شرما37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، امارات کے اوپنرز آریانش شرما اور جوناتھن فیگی نے 59 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسپنرز کے آتے ہی صورتحال بدل گئی اور104 رنز پر اس کی چھ وکٹیں گرگئی تھیں۔

قاسم اکرم نے 10 اوورز میں صرف 26 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرڈالیں جو لسٹ اے ون ڈے میچوں میں ان کی بہترین بولنگ بھی ہے۔لیفٹ آرم اسپنر سفیان مقیم نے 36رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ بدھ کے روز انڈیا اے کے خلاف کھیلے گی۔