ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں رواں برس اکتوبر میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے ٹکٹوں کی خریداری کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کا بیان سامنے آیا ہے۔
سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے ای ٹکٹ کا اجرا نہیں ہوگا، تماشائیوں کیلئے ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جے شاہ نے کہا کہ کرکٹ فینز کو فزیکل ٹکٹس اپنے ہمراہ رکھنا ہوں گے، 7 سے 8 سنٹرز پر فزیکل ٹکٹس ایڈوانس میں دستیاب ہوں گی، ای ٹکٹس کی شروعات پہلے باہمی سیریز کے دوران کی جائیں گی، احمد آباد اور لکھنؤ جیسے بڑی گنجائش والے اسٹیڈیمز کیلئے میگا ایونٹس کے دوران ای ٹکٹس ممکن نہیں ہے، ورلڈکپ کیلئے ٹکٹ بکنگ کی تاریخوں کا اعلان آئی سی سی کے ساتھ ملکر جلد کریں گے۔
سیکرٹری بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ پارٹنرز کے ساتھ مل کر سٹیڈیم میں فینز کو مفت پانی فراہم کیا جائے گا، پانی بوتل میں ہو یا گلاس میں لیکن یہ مفت ہوگا، ورلڈکپ کے میچز دیکھنے کیلئے گراؤنڈ آنے والے فینز کیلئے صحت مندانہ ماحول اور واش رومز کی صفائی ستھرائی اس وقت اولین ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر میں شیڈول ہے اور ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا تاہم پاک بھارت میچ کے وینیو میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے فیصلہ آئندہ ایک سے دو روز میں ہو جائے گا۔