لاہور: (دنیا نیوز) سابق قومی کپتان و مایہ ناز کرکٹر انضمام الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر منتخب ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید کی جگہ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر منتخب کردیا۔
انضمام الحق چارج سنبھالنے کے بعد افغانستان کی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے ٹیم منتخب کریں گے جس کا اعلان جمعرات تک کیا جائے گا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 7, 2023
دوسری جانب ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، باؤلنگ اور بیٹنگ کوچز کو نہ چھیڑنے کا مشورہ دیا ہے، البتہ منیجر ریحان الحق اور دیگر نان ٹیکنیکل سٹاف کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، ان کا مستقبل خطرے میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام نے سینٹرل کنٹریکٹ پر سری لنکا میں کھلاڑیوں سے ویڈیو لنک پر طویل میٹنگ کر کے مطالبات جاننے کی کوشش کی ہے، ان کی رائے کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے ابھی ٹیم پر بات نہیں ہوئی ہے، اس ہفتے اہم ترین فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، ذکاء اشرف کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے فیصلوں اور تجاویز کی منظوری دیں گے، یکم ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کا اعلان کیا جائے گا اور ریجنزاور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو گی۔