ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: پاکستان بدستور پہلے نمبر پر قابض

Published On 03 August,2023 10:19 am

لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ ترین رینکنگ سامنے آگئی جس کے مطابق پاکستان بدستور پہلے نمبر پر قابض ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں کامیابی کے بعد 24 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان پہلی پوزیشن پر قابض ہے جبکہ بھارتی ٹیم ایک فتح اور ایک ڈرا میچ کے ساتھ 16 پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

رینکنگ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بالترتیب 5، 5 میچوں میں 2 فتح، 2 ہار اور ایک ڈرا میچ کے ساتھ 26 پوائنٹس کے ہمراہ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں، اسی طرح ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیموں نے 2، 2 میچز کھیل رکھے ہیں تاہم کالی آندھی ایک فتح اور ایک ڈرا میچ کیساتھ 4 پوائنٹس اور لنکن ٹائیگرز مسلسل دو میچز ہار کر چھٹی پوزیشن پر موجود ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی اس سائیکل میں بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے ابھی کوئی میچ نہیں کھیلا۔