لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجہ بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن پر آگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق بیٹرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور باؤلرز رینکنگ میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑی روی چندرن ایشون کی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔
رینکنگ کے مطابق کین ولیمسن 883 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ انگلش کھلاڑی جو روٹ ایک درجے ترقی کے بعد 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، آسٹریلوی کھلاڑی سٹیو سمتھ 2 درجے ترقی کے بعد 842 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور قومی کپتان بابر اعظم 2 درجے بہتری کے بعد 829 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑی مارنس لبوشین 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں اور ٹریوس ہیڈ 2 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے ۔
دوسری جانب ٹیسٹ باؤلرز کی رینکنگ میں بھارتی کھلاڑی روی چندرن ایشون 879 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کگیسو ربادا 825 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔
بھارتی سپنر رویندرا جدیجا2 درجے ترقی کے بعد 782 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، انگلش کھلاڑی سٹورٹ براڈ 2 درجے ترقی کے بعد چوتھے ، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز 2 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی رینکنگ میں 3 درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔