ایشیا کپ اور افغانستان سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا

Published On 09 August,2023 05:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور افغانستان سے ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا، فہیم اشرف، طیب طاہر اور سعود شکیل سکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اور افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 18 رکنی قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی پاکستانی ٹیم میں اوپنرز عبد اللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، مڈل آرڈر میں بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث اور طیب طاہر، سپنرز شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز میں حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ سعود شکیل ایشیا کپ سکواڈ کا حصہ نہیں۔

افغانستان کیخلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں اوپنرز عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، مڈل آرڈرز بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر اور سعود شکیل، وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث، سپنرز شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ایک مضبوط سائیڈ ہے اسے لائٹ نہیں لیا جا سکتا جو کھلاڑی ڈراپ ہوئے وہ مزید محنت کریں، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل نے کافی محنت کی ہے، ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کے لئے آگے کافی مواقع ہوں گے، جو سلیکٹ ہوئے انہوں نے کافی محنت کی ہے۔