پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کا اعلان کر دیا

Published On 11 August,2023 03:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کا اعلان کر دیا۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق سیزن میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کے علیحدہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس ہوں گے، ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کی 8، 8 ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈومیسٹک سیزن 10 ستمبر سے قائداعظم ٹرافی کے ساتھ شروع ہو گا جبکہ 15 دسمبر سے پریزیڈنٹ ٹرافی شروع ہو گی جس میں ڈپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ٹاپ 2 ٹیمیں فائنل کھیلیں گی، یہ دونوں ٹورنامنٹس سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور پوائنٹس ٹیبل کی دو بہترین ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2014 کا آئین بحال کرچکے ہیں اور قائداعظم ٹرافی اور حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو چار روزہ ٹورنامنٹ کے لیے 18 ریجنل ٹیموں کا انتخاب 19-2018 کے سیزن میں ٹیموں کی پوزیشنز کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے جہاں سے ڈومیسٹک ڈھانچے کا دوبارہ آغاز ہو گا۔

دونوں ٹورنامنٹس ایک ساتھ شروع ہوں گے، ایبٹ آباد، لاہور اور راولپنڈی قائداعظم ٹرافی کے میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ فیصل آباد، ملتان اور اسلام آباد میں گریڈ ٹو حنیف محمد ٹرافی کے میچز کھیلے جائیں گے۔