کپتان ویمن ٹیم ندا ڈار کی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات

Published On 14 August,2023 07:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور قومی خواتین ٹیم کی ممبران نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ملاقات لاہور قلندرز کے ویمن پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام اورینٹیشن کے موقع پر ہوئی، جس میں ذکا اشرف کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا، تھا، ملاقات میں خواتین ونگ کی سربراہ تانیہ ملک اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے خواتین کرکٹرز کی کھیل کے لیے لگن اور تعاون کو سراہا، انہوں نے 76 ویں یوم آزادی کے مبارک موقع پر خواتین کرکٹرز کے لیے پہلی بار ڈومیسٹک کنٹریکٹ متعارف کرانے اور خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں خاطر خواہ اضافے کا اعلان کیا۔

ذکاء اشرف نے ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کی ترقی کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور انہیں اپنی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا، انہوں نے خواتین کرکٹرز کو یکساں مواقع، وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا جس میں خواتین کرکٹرز کو کرکٹ کے مزید میدان شامل ہیں، جس سے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

ندا ڈار اور خواتین کرکٹرز نے ذکا اشرف کو انتظامی کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر حالیہ تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے ان کے فعال اقدامات کو سراہا۔

کھلاڑیوں نے ذکا اشرف کی قیادت میں خواتین کی کرکٹ کے مستقبل کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا اور خواتین کی کرکٹ کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔