لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے لیے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ شفیق نے کہا کہ میرا آغاز اچھا نہیں رہا، اب فوکس پرفارمنس پر ہے، ریڈ بال میں اچھی پرفارمنس رہی ہے۔
عبداللہ شفیق نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے ٹاپ بیٹر ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اچھی رہتی ہے، اس حوصلہ افزائی سے مزید اچھا کرنے کے لیے متحرک ہوتے ہیں، ہمارے پاس بہترین فاسٹ باؤلرز ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے، اچھے باؤلرز کو کھیلا ہو تو پھر دنیا کے بہترین باؤلرز کو کھیلنے میں آسانی ہوتی ہے۔
اوپننگ بیٹر نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ تبدیل ہو چکی ہے، ون ڈے میں 300 رنز بن رہے ہیں اسی حکمت عملی کے ساتھ کھیل رہے ہیں، اتنے رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ باؤلرز کو دفاع کرنے میں آسانی ہو، میں خود کو ہر وقت بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ آنے والی سیریز اور ایونٹس میں بحیثیت ٹیم اچھا کرنے کا ٹارگٹ ہے، ناکامی سے انسان سیکھتا ہے اور میں بھی کوشش کر رہا ہوں کہ اچھے سے اچھا کروں۔