لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بغیر این او سی لیے امریکا میں ہونے والی لیگز میں شامل کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی نے امریکا میں کھیلنے والے بعض پاکستانی کرکٹرز سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیا اب وہ پاکستانی شہری نہیں ہیں اور مستقبل میں پاکستان کے لیے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے نصف درجن کرکٹرز نے این او سی کے بغیر ہیوسٹن لیگ میں تین مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی، حیران کن طور پران کھلاڑیوں نے پی سی بی نے این او سی لینے سے گریز کیا اور کہا کہ اب وہ پاکستانی نہیں امریکی شہریت رکھتے ہیں۔
پی سی بی نے مستقبل میں ان کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے اور ان پر پاکستان کرکٹ کے دروازے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کرکٹرز کو شوکاز جاری کر کے وضاحت طلب کی گئی ہے، یہ کھلاڑی مشہور کرکٹرز نہیں ہیں البتہ پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کا بڑا نام بتایا جاتا ہے۔