لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیاء کپ 2023 میں پاک بھارت میچز کے بیشتر ٹکٹس چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہو گئے۔
2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شیڈول ہے، اس حوالے سے بیشتر ٹکٹس چند گھنٹوں میں فروخت ہو گئے، میچ کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 8 ہزار 700 روپے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 87 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک شناختی کارڈ یا پاسپورٹ پر زیادہ سے زیادہ 4 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے ایک شناختی کارڈ یا پاسپورٹ پر 2 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے سپر فور مرحلے کے میچز کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 10 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ ٹکٹ کی زیادہ سے زیادہ قیمت 400 ڈالر ہے۔
اس کے علاوہ کینڈی میں کھیلے جانے والے بنگلادیش اور سری لنکا کے میچ کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 5 ڈالر ہے جبکہ گرینڈ سٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 50 ڈالر رکھی گئی ہے۔
ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 2 ستمبر کو شیڈول ہے جس کی ٹکٹس آن لائن آتے ہی شائقین کرکٹ نے بکنگ کروالی، بیشتر ٹکٹس چند گھنٹوں ہی میں فروخت ہو گئے، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت 87 ہزار روپے جبکہ ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 8 ہزار 700 روپے ہے۔
سری لنکا میں ایشیا کپ کے 9 میچز کھیلے جائیں گے جس میں فائنل بھی شامل ہے، سری لنکا میں ایشیا کپ کے میچوں کا آغاز 31 اگست کو پالی کیلے میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ 2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے پاکستان میں کھیلے جانے والے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت گزشتہ ہفتے شروع ہوچکی ہے، پاکستان میں ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔