ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا

Published On 19 July,2023 07:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جے شاہ نے ٹوئٹر پر ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے ملتان میں ہو گا، پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں ملتان میں پہلا میچ کھیلیں گی، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں مدمقابل ہوں گی۔

ملتان اور لاہور پاکستان میں 4 میچز کی میزبانی کریں گے، پاکستان اور بھارت 10 ستمبر کو کینڈی میں پھر مد مقابل آسکتے ہیں، ایونٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو سری لنکا میں ہوگا۔

ایشیاء کپ کے میچز 4 وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جے شاہ نے کہا کہ مجھے مینز ایشیا کپ 2023 کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جو ایشیائی قوموں کو متحد کرنے اور یکجہتی کی علامت ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آئیں مل کر کرکٹ کا جشن منائیں اور ان اقدار سے جڑ جائیں جو ہمیں متحد کرتے ہیں۔