لاہور: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کے سری لنکا مرحلے کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اے سی سی ایشیا کپ کے سری لنکا میں ہونے والے میچوں کے پہلے مرحلے کے ٹکٹوں کی فروخت آج شروع ہو گی۔
پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کے سری لنکا میں ہونے والے میچوں کے دوسرے مرحلے کے ٹکٹوں کی فروخت پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 30 منٹ پر شروع ہو گی، ان میچوں میں 2 ستمبر کو ہونے والا پاکستان بھارت کا میچ بھی شامل ہے۔
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 16, 2023
ذرائع کے مطابق ایک شناختی کارڈ یا پاسپورٹ پر زیادہ سے زیادہ 4 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں، جبکہ پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے ایک شناختی کارڈ یا پاسپورٹ پر 2 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔
سری لنکا میں ایشیا کپ کے 9 میچز کھیلے جائیں گے جس میں فائنل بھی شامل ہے، سری لنکا میں ایشیا کپ کے میچوں کا آغاز 31 اگست کو پالی کیلے میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ 2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے پاکستان میں کھیلے جانے والے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت گزشتہ ہفتے شروع ہوچکی ہے، پاکستان میں ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔