کولمبو: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے دوران سری لنکا میں شیڈول میچز کا بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
2 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے دوران بھی بارش کی پیش گوئی کی جا چکی ہے، پاک بھارت میچ کے دوران 80 فیصد سے زائد بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اگر میچ بارش کی نذر ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو یکساں پوائنٹس ملیں گے۔
میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے پاکستان سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا جبکہ بھارت کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے نیپال کو شکست دینا ہو گی۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں اگست اور ستمبر کے مہینے میں میچز کا بارش کی نذر ہونا نئی بات نہیں اور اسی وجہ سے ان مہینوں میں بہت کم میچز رکھے جاتے ہیں۔
پالی کیلے 33 ون ڈے میچز کی میزبانی کر چکا ہے جن میں سے صرف 3 میچز اگست یا ستمبر میں ہوئے جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ سری لنکا کرکٹ مون سون کے سیزن میں یہاں میچز نہیں رکھتا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2023 کے میچز کی میزبانی سری لنکا نے نہیں کرنا تھی اور بھارت کے پاکستان ٹیم بھیجنے کے انکار پر اے سی سی نے ہائی برڈ ماڈل متعارف کرایا جس کے تحت 4 میچز پاکستان جبکہ فائنل سمیت 9 میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں۔