بابراعظم نے سینٹرل کنٹریکٹس کو تاریخی قرار دیدیا

Published On 27 September,2023 10:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سینٹرل کنٹریکٹ کو تاریخی قرار دے دیا۔

بابراعظم نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ڈیل ہے جس سے وہ خوش اور مطمئن ہیں یہ ایک چیلنجنگ اور طویل عمل تھا لیکن ہم ایک صاف اور فائدہ مند معاہدے پر پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں، یہ معاہدہ کھلاڑیوں کے کریئر اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایک نیا باب ہوگا۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لی ان کی یہ دلچسپی پاکستان کرکٹ کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر کرکٹرز کے ساتھ معاملات طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے اگلے تین سال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے30 جون 2026ء تک ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مرتبہ ریڈ بال اور وائٹ بال کنٹریکٹس کو ضم کردیا ہے، یہ فیصلہ سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کا اندازہ میچوں کے نتائج سے لگایا جائے تاکہ سلیکشن کا صاف شفاف عمل موجود ہو۔