لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے والد نے اپیل کی ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے پوری جان لڑائی، ہار جیت میچ کا حصہ ہے، ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔
ایشیا کپ میں سری لنکا نے سنسنی خیز میچ میں آخری بال پر میچ اپنے نام کیا، بابر اعظم پر میچ کے دوران باؤلرز کے درست طریقے سے استعمال نہ کرنے اور فیلڈنگ صحیح طریقے سے سیٹ نہ کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے۔
بابر اعظم پر یہ تنقید صرف سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں کر رہے بلکہ سابق کپتانوں اور کوچز نے بھی ان کو جارحانہ کپتانی کرنے کا مشورہ دیدیا۔
کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی بھی کرکٹ کے شیدائی ہیں اور بیٹے کو اس مقام تک لانے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے، سری لنکا سے شکست کے بعد انہوں نے انسٹا گرام پر جذباتی پوسٹ کی۔
بابر اعظم کے والد نے قوم سے ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مقابلوں کو دیکھیں تو اللہ صرف نیت اور دل سے کیا ہوا عمل دیکھتا ہے قبول کرے نہ کرے وہ مالک ہے، میرے خیال میں ٹیم نے پوری جان لگائی، ہم اس وقت ٹیم کا حوصلہ بنیں یہی حب الوطنی ہے۔
بابر اعظم کے والد نے پوسٹ میں باؤلر زمان خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ میچ کا سپر سٹار زمان خان دکھائی دیا ہے جو شدید پریشر میں بھی بہترین باؤلنگ کر رہا تھا۔
اعظم صدیقی نے مزید لکھا کہ آدھے کھلاڑیوں کی انجری کے باعث آدھی ٹیم نے پورا مقابلہ کیا لیکن آخری گیند پر فیصلہ سری لنکا کے حق میں آگیا، ان شا اللہ ولڈ کپ میں سارے کھلاڑی فٹ ہوں گے تو میچز کا مزہ آئے گا۔