لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی فینز کی جانب سے دئیے جانے والے استقبال سے متعلق دلچسپ پیغامات جاری کردئیے۔
کپتان بابر اعظم بھی بھارت پہنچنے پر متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ حیدر آباد میں ملنے والی محبت اور سپورٹ سے حد سے زیادہ متاثر ہوا ہوں۔
محمد رضوان اور شاہین آفریدی بھی بھارت میں چند گھنٹوں کی میزبانی سے پرجوش ہیں۔
پاکستان کے سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر سٹوری پر حیدرآباد بھارت کی پن لوکیشن ڈالتے ہوئے لکھا کہ اب تک بہت ہی شاندار استقبال کیا گیا ہے۔
— Johns (@CricCrazyJohns) September 27, 2023
پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے اپنے فینز کیلئے جاری پیغام میں لکھا کہ یہاں کے لوگوں کی جانب سے حیرت انگیز استقبال کیا گیا ہے، ہر چیز بہت ہی شائستہ تھی، اب اگلے ڈیڑھ ماہ پر نظریں ہیں۔
— Muhammad Rizwan (@iMRizwanPak) September 27, 2023
پاکستانی بیٹر امام الحق نے اپنے پیغام میں لکھا کہ الحمد اللہ، خیریت سے بھارت میں لینڈ کر لیا ہے، انہوں نے اپنے پرستاروں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔
— Imam Ul Haq (@ImamUlHaq12_) September 27, 2023
قومی کھلاڑی افتخار احمد نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور انڈیا کے ہیش ٹیگ کے ساتھ وکٹری کا نشان بناکر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ خود بھی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے باہر جاتے ہوئے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
— Iftikhar Ahmad (@IftiMania) September 27, 2023
یاد رہے کہ بھارت میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی سکواڈ دبئی کے راستے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچ گیا ہے۔