لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں چند روز بعد شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لیے افغان ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ باؤلر نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
2 سال سے بھی زائد عرصے بعد کم بیک کر کے ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے والے 24 سالہ افغان فاسٹ باؤلر نوین الحق نے ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نوین الحق نے لکھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بہت ہی فخر کی بات ہے لیکن میں ورلڈکپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو جاؤں گا تاہم ٹی 20 کرکٹ کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب رہوں گا۔
نوجوان فاسٹ باؤلر نے مزید لکھا کہ یہ بہت ہی مشکل فیصلہ ہے لیکن اپنے کیرئیر کو طویل کرنے کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا، افغان کرکٹ بورڈ اور تمام چاہنے والوں کا سپورٹ کرنے کے لیے بہت شکریہ۔
واضح رہے کہ نوین الحق انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ دنیا بھر میں ہونے والی مختلف لیگز بھی کھیلتے ہیں جن میں پی ایس ایل، بگ بیش، لنکا پریمیئر لیگ اور آئی پی ایل ودیگر شامل ہیں۔