لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کرنے والوں سے متعلق ویزا پالیسی پر انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ دیا۔
پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ورلڈ کپ کور کرنے والے صحافیوں کی ویزا درخواستیں ابھی تک وصول نہیں کیں، شائقین کرکٹ میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے، ویزا پالیسی کے حوالے سے واضح کیا جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی جلد صحافیوں اور کرکٹ فینز کو ویزے جاری کرنے کیلئے اقدامات کرے، ورلڈ کپ شروع ہونے میں صرف5 دن باقی ہیں، پاکستان کو اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کھیلنا ہے۔