حیدر آباد: (دنیا نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔
— ICC (@ICC) September 29, 2023
نیوزی لینڈ نے 346 رنز کا ہدف 44 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، راچن رویندر 97 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مارک چیپ مین نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں کین ولیمسن 54 اور ڈیرل مچل 59 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہوگئے، کپتان ٹام لیتھم 18، گلین فلپس3، جیمز نیشم 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ڈیون کونوے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) September 29, 2023
پاکستان کی جانب سے اسامہ میر 2، حسن علی، آغا سلمان اور محمد وسیم ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
بیٹنگ کے دوران قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 29, 2023
بابر اعظم 80 رنز بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہوگئے، سعود شکیل 75 رنز اور شاداب خان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی اننگز کے دوران 18 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا تاہم 45 منٹ کے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہو گیا۔
وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم نے کی، کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے وہ آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کریں گے جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کیخلاف جبکہ ورلڈکپ مہم میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔