اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستانی شائقین کو تاحال ویزے جاری نہ کیے جاسکے، وزارت خارجہ نے آئی سی سی سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ہمارے شائقین کرکٹ کو ویزے ملنے چاہئیں، پاکستانی فینز کے ویزا حصول کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے معاملے اُٹھائیں گے۔
وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران نگران وزیر خارجہ نے کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی شائقین کرکٹ کو تاحال بھارتی ویزے نہ ملنے کے معاملے پر کہا کہ آئی سی سی کے رولز کے مطابق پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے دینا لازم ہے۔
دوسری جانب میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح ’’چاچا بشیر‘‘ کو حیدرآباد دکن کے سیکیورٹی اہلکاروں نے ایئرپورٹ پر پاکستانی پرچم لہرانے سے روک دیا، جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔