ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے آخری لمحات میں اپنے سکواڈ میں ایک اہم تبدیلی کر دی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے 5 ستمبر کو ورلڈکپ سکواڈ کا اعلان کیا تھا تاہم اب اس میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
بھارتی سپنر اکشر پٹیل انجری سے صحتیاب نہ ہوسکے، وہ ایشیا کپ میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے، سپنر اکشر پٹیل کی جگہ تجربہ کار آف سپنر روی چندرن ایشون کو ورلڈکپ کیلئے بھارتی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
بھارت کا ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ
ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے جبکہ ہاردک پانڈیا نائب کپتان ہوں گے۔
اس کے علاوہ ورلڈکپ سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادیو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن اور سوریا کمار یادو شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
بھارت ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو چنئی میں5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔