احمد آباد: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے باعث احمد آباد ائیر پورٹ پر پرائیویٹ جیٹ ٹریفک 30 فیصد بڑھ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان بھارت میچ کی وجہ سے احمد آباد میں چارٹرڈ فلائٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں 650 نان شیڈولڈ چارٹرڈ ائیر کرافٹس کی احمد آباد ائیر پر آمدورفت متوقع ہے۔
ورلڈ کپ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
اہم سیاستدان، بزنس ٹائیکون، شوبز اور سپورٹس سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات ان میچز کے لیے احمد آباد آئیں گی، معروف شخصیات چارٹرڈ ائیر کرافٹس سے احمد آباد پہنچیں گی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاک بھارت میچ کے لیے چارٹرڈ فلائٹس کی دستیابی کے بارے میں پوچھا ہے، پاک بھارت میچ سے ایک دن پہلے میچ کے روز اور میچ کے ایک دن بعد بزنس گروپس کی نان شیڈولڈ چارٹرڈ فلائٹس کے لیے بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ سٹارز بھی چارٹرڈ فلائٹس کی بکنگ اور دستیابی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ احمد آباد ائیرپورٹ پر 43 ائیر کرافٹس کی پارکنگ کا انتظام موجود ہے اور گجرات میں 2022 کے انتخابات کے دوران ایک روز میں احمد آباد ائیرپورٹ نے 79 چارٹرڈ ائیر کرافٹس کو سنبھالا تھا جبکہ احمد آباد ائیرپورٹ پر روزانہ 250 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس شیڈولڈ ہیں۔