نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء سے قبل وارم اپ میچز میں مزید دو مقابلے بارش کی نذر ہوگئے جس سے شائقین خاصے مایوس ہوئے ہیں۔
بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر تھرووننتھاپورم میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کا وارم اپ میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا، میچ 23 اوورز فی اننگز تک محدود رکھا گیا تھا جس میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان 166 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سٹیو سمتھ نے سب سے زیادہ 55 رنز کی اننگز کھیلی، کیمرون گرین نے 34 اور ایلکس کیری نے 28 رنز جبکہ مچل سٹارک 24 رنز بنائے۔
جوابی اننگز میں نیدرلینڈز کے بیٹر ابتدا میں اسی وقت مشکلات کا شکار ہوگئے تھے جب مچل سٹارک نے ہیٹ ٹرک کی، سٹارک نے اپنے پہلے اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند جبکہ اگلے اوور کی پہلی گیند پر ایک ڈچ کھلاڑی کو آؤٹ کرکے اپنے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
بارش کے باعث میچ ختم کیے جانے سے قبل نیدرلینڈز کی ٹیم نے 15ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنالیے تھے، ڈچ ٹیم کی جانب سے کولن ایکرمین 31 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
دوسری جانب انگلینڈ اور بھارت کے درمیان وارم اپ میچ بھی بارش کی نذر ہوا، اس میچ میں ٹاس تو ہوگیا مگر میدان میں بغیر کسی ایکشن کے کھیل کو ختم کر دیا گیا، بھارت کا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے پر صارفین کافی مایوس دکھائی دیے۔