سکول فیس کیلئے نمکو فروخت کرتا تھا: حارث رؤف کا انکشاف

Published On 02 October,2023 01:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ میں سکول فیس کیلئے نمکو فروخت کرتا تھا۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو نے پاکستانی سٹار باؤلر حارث رؤف پر ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے جس میں حارث کا راولپنڈی میں پرانا گھر بھی دکھایا گیا ہے اور وہ گلیاں بھی دکھائی گئی ہیں جس میں کرکٹ کھیل کر حارث بڑے ہوئے۔

ڈاکیو منٹری میں حارث رؤف نے اپنی زندگی کی ابتدائی مشکلات پر گفتگو کی، قومی کرکٹر 7 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں اور ان کے والد ویلڈر تھے جو بمشکل اپنے کام سے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔

حارث رؤف نے مزید بتایا کہ ان کے والد اور چاچا سب ایک ہی چھوٹے سے گھر میں رہتے تھے، چاچاؤں کی شادی کے بعد ان کو کمرے دینے پڑے تو ایسے حالات آ گئے کہ ہمیں کچن میں بھی سونا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ میں اپنی سکول کی فیس دینے کے لیے اتوار بازار میں نمکو فروخت کرتا تھا، اس سے سکول کی فیس نکل آتی، بعدازاں یونیورسٹی میں گیا تو ہر 6 ماہ بعد 70 سے 80 ہزار چاہیے ہوتے تھے، اس کے لیے میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلتا تھا جس کے اچھے پیسے ملتے تھے، مہینے کے 2 سے ڈھائی لاکھ ہوا کرتے تھے جس سے میں فیس نکالتا اور کچھ جمع کرکے والدہ کو دے دیتا، والدہ کا خواب تھا کہ اپنا گھر ہو۔

حارث رؤف نے کہا اب میرے پاس ایک گھر اور گاڑی ہے، جب میں نے گاڑی خریدی تو میرے والد رونے لگے اور کہا کہ ان کی اس گاڑی میں بیٹھنے کی بھی حیثیت نہیں ہے، اگر میرا خاندان خوش ہے تو میں خوش ہوں، یہ میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔