بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستانی شائقین کرکٹ اور صحافیوں کو ویزے جاری نہ ہوسکے

Published On 03 October,2023 07:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ شروع ہونے میں دو دن باقی، پاکستانی صحافیوں اور شائقینِ کرکٹ کو ویزے جاری نہ ہوسکے۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں شرکت کیلئے پاکستانی صحافیوں اور شائقین کرکٹ کے لئے بھارتی ویزہ لینا معمہ بن گیا، پی سی بی نے بھارتی ہٹ دھرمی پر آئی سی سی کو دوبارہ خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت اور بورڈ نے تاحال ویزہ پالیسی نجی کورئیر کمپنی کو نہیں دی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متعدد مرتبہ بی سی سی آئی کو پاکستانی صحافیوں کے ویزوں سے متعلق ای میل کررکھی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کا میچ 6 اکتوبر کو شیڈول ہے جبکہ پاکستانی صحافیوں نے پہلے میچ کی خاطر حیدرآباد کے ہوٹلز میں بکنگ بھی کروا رکھی ہے۔