نیدر لینڈز کیخلاف میچ، ڈرنک بریک میں محمد رضوان کی گراؤنڈ میں نماز کی ادائیگی

Published On 07 October,2023 01:56 am

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کیخلاف میچ میں پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کی گراؤنڈ میں نماز ادائیگی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

جمعہ کو بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو با آسانی 81 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

پاکستان کے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ہدف کے تعاقب میں جب نیدرلینڈز کی اننگز جاری تھی کہ میچ میں پانی کے وقفہ کے دوران محمد رضوان نے گراؤنڈ میں ہی نماز ادا کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے محمد رضوان کے اس عمل کو سراہا جا رہا ہے، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب رضوان نے میچ کے دوران گراؤنڈ میں نماز ادا کی ہو، 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت میچ کے دوران محمد رضوان کی گراؤنڈ میں نماز ادائیگی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔