دھرم شالا: (دنیانیوز) بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں بنگلا دیش نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، بنگال ٹائیگرز نے157رنزکا ہدف 35ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کی اننگز
بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو 59 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیل کرنمایاں رہے۔
مہدی حسن میراز نے 57 ، لٹن داس نے 13، شکیب الحسن نے 14 اور تنزید حسن نے 5 رنز بنائے، افغانستان کے فضل الحق فاروقی، نوین الحق اور عظمت اللہ عمرزئی کو ایک ایک وکٹ ملی۔
افغانستان کی اننگز
افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز 47 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، اس کے علاوہ ابراہیم زدران نے 22، رحمت شاہ اور حشمت اللہ شہیدی نے 18،18 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 22 رنز بنائے۔
نجیب اللہ زدران 5 اور محمد نبی 6 رنز بناکر پویلین لوٹے، راشد خان نے 9 اور مجیب الرحمان ایک رن ہی بناسکے، اس کے علاوہ نوین الحق اور فضل فاروقی کے حصے میں ایک بھی رن نہ آسکا۔
بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن اور مہدی حسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ شرف الاسلام نے دو اور تسکین احمد، مستفیظ الرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔
قبل ازیں ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں آج افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دھرم شالا سٹیڈیم میں مدمقابل ہیں، بنگلہ دیش نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
شکیب الحسن نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس گراؤنڈ میں ابتدائی طور پر فاسٹ باؤلرز کو کچھ مدد مل سکتی ہے، ہمارے پاس اچھی کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہے، اچھی شروعات کرنا ضروری ہے۔
بنگلہ دیش سکواڈ
شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسین شانتو (نائب کپتان)، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، توحید ہردوئی، محمود اللہ، تسکین احمد، شرف الاسلام، مستفیض الرحمٰن،
افغان ٹیم
حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، محمد نبی، نجیب اللہ زدران، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمن، نوین الحق، فضل الحق فاروقی
دوسری جانب ایونٹ کا چوتھا میچ آج دوپہر ڈیڑھ بجے سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دہلی کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ ہوا تھا جس میں کیویز نے انگلش ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ حیدرآباد میں کھیلے جانیوالے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈ کو 81 رنز سے شکست دی تھی۔