لاہور: (دنیا نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے مقابلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
کرکٹ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا بھارت کے سب سے بڑے کرکٹ گراؤنڈ میں سجے گا، روایتی حریف پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے گراؤنڈ میں اتریں گے، قومی ٹیم نریندرا مودی سٹیڈیم میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کیلئے پرامید ہے جبکہ اعصاب شکن مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین کی بھی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود ہو گی، بڑے میچ سے قبل شاہینوں نے بھرپور تیاری کر لی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میگا ایونٹ میں میچ سے قبل تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بالی ووڈ سٹارز سمیت بھارتی گلوکار بھی پرفارم کریں گے، بھارت کیخلاف بڑے مقابلے میں سری لنکا کے خلاف کھیلنے والی پلئینگ الیون ہی میدان میں اترے گی، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم میٹنگ میں شرکا نے اتفاق کیا ہے کہ وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ذکا اشرف کی قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ کیلئے پرجوش اور پر اعتماد ہیں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ٹاس اہم ہوگا، جانتے ہیں سٹیڈیم میں بھارت کو سپورٹ ملے گی، کوشش ہو گی کم سے کم غلطیاں کریں، ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں، ہائی سکورننگ میچ ہو رہے ہیں، ورلڈ کپ میں ابھی تک اچھا پرفارم نہیں کر سکا کوشش ہو گی اگلے میچز میں اچھی کارکردگی دکھاؤں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ دونوں ٹیمیں برابر ہیں کسی کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا، جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی کامیاب ہو گی، اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا کوئی دباؤ نہیں، نفسیاتی برتری جیسی باتوں پر یقین نہیں رکھتا، ہمارا سارا فوکس میچ پر ہے، ہمارے باؤلرز اور بیٹرز اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندرا مودی سٹیڈیم احمد آباد کی پچ پر بیٹرز حاوی ہوں گے، ابتدا میں فاسٹ باؤلرز اور مڈل اوورز میں سپنرز کو مدد ملے گی، بیٹرز کو چوکے چھکے لگانے کا موقع ملے گا، احمد آباد میں آج ہلکی بارش کی پیشگوئی بھی کردی گئی۔
پاک بھارت میچ کا جادو سابق کرکٹرز پر بھی سر چڑھ کر بولنے لگا، دنیا بھر کے سابق پلیئرز کو پاک بھارت میچ کا بے چینی سے انتظار ہے، وسیم اکرم نے اہم ٹاکرے کو ایشز سے بڑا میچ قرار دے دیا جبکہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے دوران دنیا تھم جاتی ہے۔