روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے تاریخی میچ جنہیں شائقین آج تک نہیں بھولے

Published On 14 October,2023 01:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی ایسے تاریخی کرکٹ میچ کھیلے گئے جو کبھی بھولے نہیں جا سکتے، شاہینوں نے بیٹنگ میں بھارت کے چھکے چھڑائے اور بال سے وکٹیں بھی اڑائیں۔

1986ء کے آسٹریلیشیا کپ فائنل میں پاکستان اور بھارت شارجہ کے میدان میں آمنے سامنے آئے، آخری گیند پر چار رنز درکار تھے تو جاوید میانداد نے وہ یادگار چھکا مارا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ 90ء کی دہائی میں وسیم اکرم اور وقار یونس نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ کو کئی بار آؤٹ کیا اور پاکستان کو شارجہ اور آسٹریلیا میں بھارت کیخلاف فتوحات دلائیں۔

1997ء میں اوپننگ بلے باز سعید انور نے بھارت میں ہی بھارتی ٹیم پر لاٹھی چارج کیا اور 194 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر اس وقت کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، 2005ء میں شاہد آفریدی نے بھارت میں جاکر ان کی خوب دھلائی کی اور پینتالیس گیندوں پر سنچری بناکر پاکستان کو سیریز جتوائی، 2014ء میں ڈھاکا کے میدان میں شاہد آفریدی نے آخری اوور میں ایشون کو دو چھکے لگا کر جاوید میانداد کے چھکوں کی ایک بار پھر یاد تازہ کی۔

2017ء میں پاکستان اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹکرائے، بیٹنگ میں فخر زمان نے خوب چھکے لگائے اور پاکستان نے 338 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جس کے بعد محمد عامر نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو اس انداز میں آؤٹ کیا کہ دونوں بلے باز اب تک نہیں بھولے ہوں گے، پاکستان کے کرکٹ شائقین آج بھی امید کرتے ہیں کہ شاہین میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر ماضی کو بھی بھلا دیں گے۔