دھرم شالا: (دنیا نیوز) انگلینڈ کی افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ورلڈ کپ میں دوسرا اَپ سیٹ ہو گیا، نیدر لینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے دی۔
بارش سے متاثرہ میچ میں نیدر لینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم سخت مشکلات کا شکار نظر آئی، پروٹیز کی جانب سے کوئی کھلاڑی کھل کر نہ کھیل سکا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی اوپننگ پارٹنر شپ 36 رنز پر ٹوٹی، اس کے بعد پروٹیز کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرنے لگیں اور 44 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، اور 207 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
ڈیوڈ ملر 43، ہنریک کلاسن 28 اور گیرالڈ کوئٹزے 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیدر لینڈز کی جانب سے لوگن وین ڈی بیک نے 3، پال وین میکرن، ری اولف وین ڈیر مروے اور باس ڈی لیڈز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کولن ایکرمین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل دھرم شالا میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا، نیدر لینڈز کی جانب سے وکرم جیت سنگھ 2، میکس او ڈاؤڈ18، کولن ایکرمین 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سکاٹ ایڈورڈز 78 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کاگیسو ربادا، مارکو جانسن اور لونگی نگیڈی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقی ٹیم
— Proteas Men (@ProteasMenCSA) October 17, 2023
نیدر لینڈز کے ساتھ میچ کے لیے جنوبی افریقی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، تبریز شمسی کی جگہ جیرالڈ کوٹزے کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
نیدر لینڈز سکواڈ
— CricketNetherlands (@KNCBcricket) October 17, 2023
یاد رہے کہ پروٹیز رواں ورلڈکپ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکا ہے اور تیسرے میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیدر لینڈز نے اپنے ابتدائی دونوں میچ ہارنے کے بعد تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو اَپ سیٹ شکست دے دی۔