پاکستانی قربانیاں فراموش، افغان بلے باز کی بھارت میں پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی

Published On 24 October,2023 04:18 am

چنئی: (دنیا نیوز) مین آف دی میچ افغان بلے باز ابراہیم زدران نے بھارت میں پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے پاکستان کی قربانیوں پر پانی پھیر دیا۔

ابراہیم زدران نے احسان فراموشی کی انتہا کرتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی قدر نہ کی، افغان بلے باز نے ازلی دشمن بھارت میں کھڑے ہو کر افغانستان کی جیت کو پاکستان سے واپس جانے والے غیر قانونی افغانیوں کے نام کر دیا، پاکستان نے 4 دہائیوں سے زائد افغانیوں کو مہمان بنائے رکھا، افغان بلے باز ابراہیم زدران نے پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف تاریخی کامیابی پر افغان شہریوں نے کابل میں بھرپور جشن منایا

میچ کے اختتام پر ہونے والی پریزنٹیشن میں افغان اوپنر ابراہیم زدران کا کہنا تھا کہ وہ اپنا ایوارڈ اُن افغان مہاجرین کے نام کرتے جنہیں پاکستان سے واپس افغانستان واپس بھیج دیا گیا ہے، واضح رہے کہ پاکستان نے غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر 2023ء تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے جس میں اب چند دن باقی رہ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کا تیسرا اپ سیٹ: افغانستان نے پاکستان کو ون ڈے میں پہلی بار شکست دیدی

پاکستان میں افغان باشندوں کی بڑی تعداد غیرقانونی طور پر مقیم ہے جو دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں تاہم پاکستانی حکام کے مطابق قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان باشندوں کو پاکستان سے بے دخل نہیں کیا جائے گا۔