پاکستانی کرکٹ شائقین کی توقعات پوری کرنے کیلئے بے چین ہیں:شاہین آفریدی

Published On 22 October,2023 07:31 pm

چنائی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ شائقین کو قومی ٹیم سے بہت سی امیدیں ہیں ہم قوم کی امیدوں اور توقعات کو پورا کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ آنے والے دو میچز ہمارے لیے بہت اہم ہیں، ہم ابھی میگا ایونٹ میں موجود ہیں، ہم ورلڈ کپ جیت کر تاریخ بنانے کی کوشش کریں گے۔

شاہین آفریدی نےافغانستان سے ہونے والے میچ بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا چنئی میں یہ مسلسل دوسرا میچ ہے، اسے نیوزی لینڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی، افغانستان نے اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے رکھی ہے لیکن ون ڈے انٹرنیشنل میں اس نے کبھی پاکستان کو نہیں ہرایا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے اس لیے آپ کسی طور بھی اطمینان سے نہیں بیٹھ سکتے، افغانستان کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے ہمیں اس کے خلاف اپنی بہترین مہارت دکھانی ہوگی، ان کے پاس ورلڈ کلاس اسپنرز ہیں تاہم ہماری بیٹنگ بھی اچھا کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کل پیر کے روز افغانستان کے خلاف اپنا پانچواں میچ کھیلے گی،پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں چنئی میں یہ پہلا میچ ہے جو ایم اے چدم برن سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 4 میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔