چنائی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے آخری دو میچز میں قومی ٹیم بہتر پرفارم نہیں کر سکی، افغانستان کیخلاف میچ سے کم بیک کریں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ جہاں پرفارم کیا میچ پاکستان نے جیتا،ہمیں معلوم ہے فیلڈنگ میں کچھ اہم کیچ چھوڑے ہیں لیکن اپ اینڈ ڈاؤن زندگی کا حصہ ہے،ہمارے پلیئرز میں یہ صلاحیت ہے کہ ہم اچھا کھیل سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کسی چیز کی گارنٹی زندگی میں اور کرکٹ میں نہیں ہے، میچ میں کانفیڈنس سے جانا پڑتا ہے، جو چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں ان پر بات نہیں کرتے، ایک کے بعد ایک شکست سے مورال ڈاؤن ہوتا ہے مگر ہم پُراعتماد ہیں کہ افغانستان کیخلاف میچ جیت کر ٹیم دوبارہ ٹریک پر آجائے گی۔
امام کا کہنا تھا کہ صرف ہمارے بولرز کو ہی مار نہیں پڑ رہی، سب ٹیموں کے خلاف رنز بن رہے ہیں، شاہین آفریدی نے پچھلے میچ میں اچھی بولنگ کی، کرکٹ میں صرف بیٹرز نہیں بلکہ بولرز کا بھی کردار اہم ہے، افغانستان کے خلاف میچ میں کتنے اسپنرز ہوں گے یہ تو کپتان اور کوچ کا فیصلہ ہوگا۔