ممبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کیخلاف میچ کے بعد انجری کا شکار ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ابھی تک مکمل فٹ نہ ہو سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک پانڈیا ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انجری کے باعث ہاردک پانڈیا کی انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔
بھارتی بورڈ آفیشل کا کہنا ہے کہ ہاردک پانڈیا کی انجری باعث تشویش نہیں ہے، آل راؤنڈر تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور ٹیم مینجمنٹ ہاردک پانڈیا کو احتیاطی طور پر فوری کھلانا نہیں چاہتی۔
واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا انجری کے باعث اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے تھے جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ 29 اکتوبر کو شیڈول ہے۔