چنئی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا کھیل رہی ہے، پروٹیز کیخلاف میچ چیلنج سمجھ کر کھیلیں گے۔
چنئی میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ شفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے اب تک ورلڈ کپ میں اپنا بیسٹ کھیل پیش نہیں کیا، جس روز ٹیم اپنا بیسٹ کھیل پیش کرے گی تو نتیجہ بھی اچھا آئے گا، کوشش ہے آئندہ میچز میں اپنی فیلڈنگ کو بہتر کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ گیم ہے، انفرادی کارکردگی کا نہیں سوچتا، جتنے بھی رنز بنیں بس ٹیم کے کام آئیں، کوشش یہی ہوتی کہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کروں۔
واضح رہے کہ پے در پے تین شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم اب 27 اکتوبر کو اپنا اگلا میچ چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔