لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں گرین شرٹس کا 27 اکتوبر جمعہ کے روز جنوبی افریقہ سے جوڑ پڑے گا۔
چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، افغانستان سے شکست نے قومی ٹیم کے ٹاپ فور میں پہنچنے کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچایا ہے تاہم گرین شرٹس کے پاس پروٹیز کو ہرانے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھنے کا یہ آخری موقع ہے۔
ماضی کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 5 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں پروٹیز کا پلڑا بھاری ہے، ساؤتھ افریقی ٹیم نے 3 میچز میں کامیابی سمیٹ رکھی ہے جبکہ پاکستان محض 2 فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ یہ دونوں کامیابیاں سال 2015 اور 2019 میں آئی ہیں۔
حالیہ جاری ورلڈ کپ میں شاہین 5 میچز میں سے محض 2 میں کامیابی سمیٹ کر 4 پوائنٹس حاصل کرسکے ہیں جبکہ مسلسل 3 شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
اس کے برعکس جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ فور ٹیموں میں سے ایک ہے ، افریقی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچز میں 4 فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔