چنئی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کا آغاز بہت اچھا کیا تھا، ہالینڈ اور سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے دو میچز شاندار انداز میں جیتے، اس کے بعد ٹیم کو لگاتار 3 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ ہمیشہ مشکل صورتحال میں غیر معمولی پرفارمنس دیتی ہے، گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی پہنچی تھی، 2017ء کی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز بھی خراب ہوا تھا جس کے باوجود پاکستانی ٹیم زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے فائنل جیتی تھی۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیم ساوتھ افریقہ کے خلاف کم بیک کرے گی، کھلاڑیوں کو بتایا ہے کہ ہمارے پاس ورلڈ کپ جیتنے کیلئے اب 6 میچ ہیں، ہمیں اس تسلسل پر آنا ہوگا اور 6 میچ جیتنے ہوں گے، ہم ابھی تک یکجا ہوکر نہیں کھیل پائے ہیں نہ ہی ہم نے میچ مکمل کھیلا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ یہ یقین دلایا جائے ہم ایک پرفیکٹ گیم یکجا ہوکر کھیل سکتے ہیں، ہمیں پتا ہے ہمارا پرفیکٹ گیم بہت اچھا ہے جو کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے، کھلاڑیوں کو مسئلہ صرف دباؤ میں اپنی مہارت پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے کا ہے جس پر مسلسل کام کر رہے ہیں۔