ٹیم متحد ہے، کرکٹ کے دشمن فضول کہانیاں اڑا رہے ہیں: ذکا اشرف

Published On 06 November,2023 10:03 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم متحد ہےکوئی لڑائی نہیں ہوئی،کرکٹ کے دشمن فضول کہانیاں اڑا رہے ہیں۔

بہاولپور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈکپ کے دوران بھارت گئے تھے، ٹیم متحد ہے اورکھلاڑیوں میں کوئی اختلاف نہیں، دعا ہےکہ ٹیم کامیاب ہو، ورلڈکپ میں کارکردگی کے حوالے سے ٹیم اور قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ ٹیکنیکل کمیٹی کرےگی۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپنر نےکمال کی کارکردگی دکھائی ہے، ہمارے کرکٹرز کو بہت کم پیسے ملتے ہیں، میں نے انضمام الحق کو بلایا لیکن انہوں نے آنے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں ہمارے اوپنرز نے کمال کی پرفارمنس دی ،بابر اعظم کو کال پر مبارکباد دی ، فخر کو کال کرکے مبارکباد دی اور دس لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عزت و وقار سے کسی کو نہیں کھیلنے دینگے ، تنقید کرنے والوں کے نہیں بلکہ اپنے دماغ سے چلوں گا ، قومی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے علاوہ صرف ایک لیگ کھیلنے کی اجازت دینگے ۔